Enter your email address below and subscribe to our newsletter

مریم نواز اور سینئر لیگی رہنما تہمینہ دولتانہ کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی

Share your love

لاہور: مسلم لیگ ن کے اجلاس میں مریم نواز اور سینئر لیگی رہنما تہمینہ دولتانہ کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی ، نوازشریف کو مداخلت کرکے مریم نواز کو چپ کرانا پڑا۔

نجی ٹی وی سما نیوز کی رپورٹ کے مطابق لیگی خواتین رہنماؤں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ مسلم لیگ ( ن ) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے دوران ہوا ہے۔

خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے ( ن ) لیگ کے پارلیمانی بورڈ کے جمعرات کے اجلاس کی اندرونی کہانی رپورٹ کی گئی ہے، اجلاس کے دوران مریم نواز اور تہمینہ دولتانہ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دے کربتایا گیاہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اجلاس میں نہ آئے اور سابق وزیر اعظم شہبازشریف کی جانب سے خواتین ایم پی ایزکی تعریف کرنے پر مریم نواز نے بیزاری کا اظہار بھی کیا۔

اجلاس کے دوران تہمینہ دولتانہ نے گفتگو شروع کی تو مریم نواز نے کہا کہ آپ اپنے حلقے کی بات نہ کریں، بتائیں پارٹی کے لیے کیا کیا ؟

مریم نواز نے سینئر رہنما سے استفسار کیا کہ اپنی کارکردگی بتائیں ، جس پر تہمینہ دولتانہ نے جواب دیا کہ آپ مجھ سے اور کیا چاہتی ہیں کیا میں مرجاؤں؟۔

دونوں خواتین رہنماؤں کے درمیان تلخی ہونے پر پارٹی قائد نواز شریف نے مداخلت کی اوراشارے سے مریم نواز کو چپ رہنے کو کہا۔

خیال رہے کہ تہمینہ دولتانہ کا تعلق پنجاب کے ضلع وہاڑی سے ہے اور اپنے سیاسی کیرئیر کے آغاز سے ہی مسلم لیگ ( ن ) کے ساتھ وابستہ ہیں اور تقریباً 2 دہائیوں سے سیاست میں ہیں جب کہ مریم نوازپارٹی کی چیف آرگنائزر ہیں تاہم وہ الیکشن نہیں لڑی ہیں۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!