سپریم کورٹ میں سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت آج پھر ہو گی
Share your love
اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان میں سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت آج پھر ہو گی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بنچ ساڑھے 11 بجے کیس کی سماعت کرے گا۔
لارجر بنچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان شامل ہیں جبکہ جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بنچ کا حصہ ہیں۔
گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کے وکلاء عدالت کے سامنے پیش ہوئے تھے جبکہ آج کی سماعت کیلئے عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔
گزشتہ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے مو?قف اپنایا تھا کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کی تشریح کا دوبارہ جائزہ لینا ضروری ہے، الیکشن ایکٹ وفاقی حکومت کا بنایا گیا قانون ہے تاہم سپریم کورٹ کے فیصلے سے رکاوٹیں ہوسکتی ہیں۔تمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز نے اٹارنی جنرل کے موقف کی تائید کی تھی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا تھا کہ اس کیس سے کوئی یہ تاثر نہ لے کہ عدالت کسی مخصوص جماعت کی حمایت کر رہی ہے، تاحیات نا اہلی کا معاملہ ایک آئینی مسئلہ ہے جس کو ایک ہی بار حل کرنے جارہے ہیں۔