عام انتخابات، امن وامان کا قیام برقرار رکھنے کیلئے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ
Share your love
لاہور: عام انتخابات کے سلسلے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔
عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق چیف سیکرٹری کی زیر صدارت پنجاب کی بیوروکریسی کا اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، کمشنرز و دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو بریفنگ دی، سیکرٹر ی داخلہ اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
انتخابات تک پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنے کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، دفعہ 144کے تحت ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی، مانیٹرنگ کیلئے محکمہ داخلہ میں صوبائی و ضلعی کنٹرول رومز قائم جبکہ فوکل پرسنز بھی مقرر کر دیئے گئے۔
صوبہ بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرزکو ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے معاونت فراہم کرنا سرکاری افسران کی آئینی ذمہ داری ہے،الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی سے متعلق رپورٹ باقاعدگی سے بھجوائی جائے۔
الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق عام انتخابات کیلئے تمام انتظامات پیشگی مکمل کر لئے جائیں، پولنگ ڈے پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے۔