قومی ادارہ صحت کی جانب سے خناق کی روک تھام کیلئے ایڈوائزری جاری
Share your love
اسلام آباد:نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایت پر قومی ادارہ صحت نے خناق کی روک تھام کیلئے ایڈوائزری جاری کردی۔
نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ سردیوں میں خناق کے پھیلاؤ کا رسک معمولی طور پر بڑھ جاتا ہے، پاکستان میں اس مرض کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کا امکان کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایڈوائزری کا مقصد صحت کے اداروں کو احتیاطی اور کنٹرول کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرنا ہے، محکمہ صحت، متعلقہ حکام خناق کےبارے میں پیشگی اقدامات کریں۔
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ خناق ایک شخص سے دوسرے کو لاحق ہونے والا مرض ہے، خناق کا جرثومہ مریض کو چھونے، کھانسنے اور چھینکنے سے پھیلتا ہے، خناق سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے والدین اپنے بچوں کوشیڈول کےمطابق ویکسین لگوائیں۔
نگران وفاقی وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ بیماری کی صورت میں فوراً مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں، حفظان صحت کے سادہ طریقے بھی اس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔