فرسٹ ائیر میں 67 فیصد بچوں کا فیل ہونا انسانی غفلت کا نتیجہ ہے، نگران وزیرتعلیم
Share your love
کراچی: سندھ کی نگران وزیرتعلیم رعنا حسین نے تعلیمی بورڈز کے نتائج میں نقائص کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرسٹ ائیر میں 67 بچوں کا فیل ہونا یقیناً انسانی غلطی کا نتیجہ ہے۔
نگراں وزیر تعلیم رعنا حسین نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے آڈیٹوریم میں منعقدہ سندھ مینٹل ہیلتھ پالیسی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں نگران وزیرصحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز کے علاوہ دیگر ماہرین نفسیات اور پروفیسرز نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں رعنا حسین نے کہا کہ آج کل بورڈز کے نتائج میں معیار برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے اور فرسٹ ائیر میں67 فیصد بچے فیل ہوگئے ہیں، اس میں یقیناً انسانی غلطی کارفرما ہے، اس طرح کے واقعات سے بچوں، والدین اور اساتذہ کی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کل لوگ ٹیکنالوجی اور جدت سے گھبراتے ہیں، ہر بچہ ڈاکٹر یا انجینیئر نہیں بن سکتا، اس طرح کے واقعات سے بھی بچوں اور والدین کی ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے، اساتذہ، والدین اور بچوں کی ذہنی صحت بہتر کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ کراچی میں انٹر کے امتحانات میں 65 فیصد یا اس سے زیادہ بچے فیل ہوگئے ہیں جو دستیاب تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے اور متنازع نتائج کے خلاف بچے اور تعلیمی اداروں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔