دہشتگردوں کاڈی آئی خان میں تھانے پرحملہ ، 10 پولیس اہلکار شہید
Share your love
ڈیرہ اسماعیل خان:ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانے پر دہشتگردوں کے حملے میں 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی خان کی تحصیل درابن کے تھانے پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تھانے پر چاروں اطراف سے حملہ کیا گیا، اس دوران دستی بم پھینکے گئے اور شدید فائرنگ کی گئی جس کے بعد پولیس نے بھی بھرپور جوابی فائرنگ کی تاہم دہشتگرد رات کے اندھیرے میں فرار ہوگئے۔حملے میں زخمی ہونے والوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ادھر ڈی ایس پی درابن نے بتایا کہ شہید اہلکاروں میں 4 ایلیٹ فورس کے جوان اور 6 ضلع ڈیرہ سے تعلق رکھتے ہیں، ایلیٹ فورس صوابی کی پلاٹون تھانہ پر تعینات ہیں۔
یاد رہے کہ 12دسمبر 2023 کو دہشتگردوں نے ڈی آئی خان میں تھانہ درابن پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانے کے مین گیٹ سے ٹکرا دی تھی، فائرنگ سے 16 اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔