دنیا بھر کے نقل مکانی کرنے والے جانوروں کا بڑاحصہ معدومیت کے خطرہ سے دوچار
Share your love
ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا بھر کے نقل مکانی کرنے والے جانوروں کا 22 فی صد حصہ معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار ہے جبکہ نصف کے برابر اقسام کی تعداد تنزلی کا شکار ہے۔ان جانوروں کو درپیش دو خطرات یعنی ان کا استحصال اور ختم ہوتے مسکن انسانی سرگرمیوں کا نتیجہ ہیں۔
ادارہ برائے تحفظِ ہجرتی و جنگلی حیات کی جانب سے نئی ’اسٹیٹ آف دی ورلڈز مائگریٹری اسپیشیز‘ رپورٹ حال ہی میں شائع کی گئی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اِنگر اینڈرسن کا کہنا تھا یہ رپورٹ واضح کرتی ہے کہ غیر پائیدار انسانی سرگرمیاں ہجرتی حیوانات کے مستقبل کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ حیوان صرف ماحولیات کے تغیر کا اشاریہ نہیں دیتے بلکہ زمین کے ماحول کے پیچیدہ نظام کو فعال رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
خیال رہے ہر سال اربوں کی تعداد میں زمینی، بحری و دریائی اور فضائی جانور نقل مکانی کرتے ہیں۔یہ جانور ملکی اور برِاعظموں کی سرحدوں کو عبور کرتے ہیں۔ جبکہ بہت سے جانور افزائشِ نسل اور غذا کی طلب میں ہزاروں کلو میٹر کا فاصلہ طے کرتے ہیں۔