Enter your email address below and subscribe to our newsletter

سندھ کے ہر ضلع میں 500 بسیں چلائی جائیں گے، شرجیل میمن

Share your love

کراچی: سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ شہریوں کو سفری سہولیات دینا ترجیح ہے،ماہ رمضان کے فوری بعد نئی بس سروس شروع کرنے جارہے ہیں۔ سندھ کے ہر ضلع میں 500 بسیں چلائی جائیں گی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اور ایکسائز شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت میں کافی چیزیں تاخیر کا شکار کی گئیں۔ جن پروجیکٹس کو وقت پر دیکھنا تھا ویسے نہیں دیکھا گیا۔ ہم نے آتے ہی فوری طور پر جو منصوبے تاخیر کا شکار ہورہے ہیں، ان پر توجہ دینا شروع کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی خاص ہدایات ہیں کہ ٹرانسپورٹ پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مزید بسیں بھی منگوا رہی ہے۔ ماہ رمضان کے فوری بعد نئی بس سروس شروع کرنے جارہے ہیں۔ ای وی بسوں کے 2 روٹس مزید شروع کیے جائیں گے۔ میر پور خاص میں بس سروس شروع کرنے جارہے ہیں ۔ کراچی میں مزید پنک بسیں بھی چلائی جائیں گی جب کہ اپریل کے فوری بعد میر پور خاص کا روٹ شروع ہوگا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ جدید سفری سہولیات سے روزانہ ایک لاکھ 7 ہزار مسافر سفر کررہے ہیں ۔ جدید ٹرانسپورٹ میں 18 اپریل سے ایک ہی کارڈ شروع کررہے ہیں جو تمام بسوں میں قابل استعمال ہوگا۔ عید کے فوری بعد جام صادق برج کی گراؤنڈ بریکنگ بھی کرنے جارہے ہیں ۔ صوبے کے ہر ضلع میں 500 بسیں چلائی جائیں گی۔ سندھ کے تمام ڈویژنز کے بعد تمام اضلاع میں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ لوگ مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف آپریشن میں تسلسل لازمی ہے۔ گٹکے اور ماوے سمیت انسداد منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے مراکز موجود ہیں۔ منشیات کے عادی شخص کا خاندان بہت تکلیف سے گزرتا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل کاشف کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ پی ٹی آئی نے عادت بنا رکھی ہے۔ یہ شہدا اور اداروں کے خلاف اس طرح کی بیہودگی پر مبنی مہم چلائیں گے۔ یہ کرسی کی لالچ میں ایسے کام کررہے ہیں ۔ اسد قیصر کا لیڈر مختلف الزامات میں سزا یافتہ ہے ۔ بانی پی ٹی آئی نے ہر سطح پر ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!