پاکستان ٹیم بدستور ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی دوڑ میں شامل
Share your love
کراچی: پاکستان ٹیم بدستور ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی دوڑ میں شامل ہے جبکہ ٹاپ 2 سائیڈز میں جگہ پانے کے لئے باقی 4 سیریز کے نتائج اہمیت کے حامل ہوں گے۔
ٹیسٹ چیمپئن شپ کے رواں دورانیہ میں پاکستان ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے، اس نے اس دورانیہ کا آغاز سری لنکا کو اس کے ہوم گراؤنڈز پر 0-2 سے مات دے کر شاندار انداز میں کیا تھا مگر پھر آسٹریلیا کا دشوار ترین ٹور آگیا، جس میں بھرپور فائٹ کے باوجود پاکستان ٹیم کو 0-3 سے وائٹ واش کی خفت سے دوچار ہونا پڑا، جس کا نتیجہ اس کی پرسنٹیج میں کمی کی صورت میں نکلا، 2 فتوحات اور 3 ناکامیوں کی وجہ سے پاکستان کی پرسنٹیج اس وقت 36.66 ہے جبکہ اس کے پوائنٹس کی تعداد 22 ہے، 2 پوائنٹس سلو اوور ریٹ کی وجہ سے منہا ہوچکے ہیں۔
اس صورتحال کے باوجود پاکستان کے پاس ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کا موقع بدستور موجود ہے مگر اس کیلیے اسے باقی بچنے والی 4 سیریز میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا ہوگا، پاکستان کا ریڈ بال میں اگلا معرکہ بنگلہ دیش سے اپنے ہوم گراؤنڈز پر ہوگا، جس میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، اس کے بعد گرین کیپس 3 ٹیسٹ میچز کیلیے انگلینڈ کی میزبانی کریں گے تاہم دسمبر اور جنوری میں پاکستان ٹیم کو جنوبی افریقہ کا رخ کرنا ہوگا جہاں پر 2 ٹیسٹ کھیلے جائیں گے۔
اس کے بعد گرین کیپس ویسٹ انڈیز سے 2 ٹیسٹ میچز اپنے ہوم گراؤنڈز پر کھیلیں گے۔ 3 ہوم سیریز میں بہتر نتائج پاکستان ٹیم کو ٹاپ 2 ٹیموں میں شامل کرسکتے ہیں جوکہ ایک دوسرے ساتھ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کھیلیں گے۔
پاکستان ٹیم ابتدائی 2 چیمپئن شپ میں ٹاپ 2 پوزیشنز سے کافی دور رہی تھی، پہلی چیمپئن شپ میں نیوزی لینڈ اور دوسرے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دی تھی، اس وقت بھی بھارتی ٹیم اسٹینڈنگ میں ٹاپ پر موجود ہے، اس کے بعد آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا موجود ہیں۔