Enter your email address below and subscribe to our newsletter

‎سینٹ اجلاس، نو منتخب سینیٹرز نے حلف اٹھا لیا

Share your love

اسلام آباد: سینٹ اجلاس میں نو منتخب اور ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے سینیٹرز نے حلف اٹھا لیاہے۔

نو منتخب سینیٹرز کی حلف برداری اور چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے سینیٹ کا اجلاس اسحاق ڈار کی صدارت میں جاری ہے۔

نو منتخب اور ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے سینیٹرز نے حلف اٹھا لیا، اسحاق ڈار نے ان سے حلف لیا۔

قبل ازیں اجلاس شروع ہوا تو پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے ایوان میں احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔پی ٹی آئی کے سینیٹرز بانی پی ٹی آئی کی تصاویر ایوان میں لے آئے۔

اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ اعظم نذیر تارڑ معاملے پر آئینی و قانونی پوزیشن واضح کریں۔

چیئرمین سینیٹ کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں موجود ہیں۔

نو منتخب سینیٹرز محسن نقوی، سیدال خان، اورنگزیب خان، حامد خان، ایمل ولی بھی سینیٹ اجلاس میں شریک ہیں۔سیکرٹری سینیٹ نے ممبران کو خوش آمدید کہا۔

مسلم لیگ ن نے سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نامزد کر دیا جس کے بعد سیدال خان ناصر کے لیے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے فارم حاصل کر لیے گئے۔

پی ٹی آئی نے سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

دوسری جانب سینیٹر محسن عزیز نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب ممبران کو مبارک باد دیتا ہوں، ہم آج کے حلف کی حفاظت کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی اکائی موجود نہ ہو تو الیکشن جائز نہیں، کے پی کے ممبران کے بغیر چیئرمین اورڈپٹی کا الیکشن ناجائز ہے۔

37 نو منتخب ارکان نے بطور سینیٹر جبکہ ضمنی الیکشن میں منتخب 6 سینیٹرز نے بھی آج حلف اٹھا لیا۔خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن نہ ہونے کے باعث 11 سینیٹرز نے حلف نہیں اٹھایا۔

پیپلز پارٹی کے 18، مسلم لیگ ن کے 14، جے یو آئی کے 3، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 2 ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ایم کیو ایم پاکستان، اے این پی، نیشنل پارٹی کے ایک، ایک رکن نے بھی سینیٹر کا حلف اٹھا لیا۔3 آزاد نو منتخب ارکان نے بھی بطور سینیٹر حلف اٹھا لیا۔

اسلام آباد سے جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی اور رانا محمودالحسن، ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ ن کے اسحاق ڈار نے حلف اٹھایا۔بلوچستان سے جنرل نشست پر جے یو آئی کے احمد خان اور عبدالشکور، آزاد امیدوار انوارالحق کاکڑ نے بھی بطور سینیٹر حلف اٹھایا۔

بلوچستان سے اے این پی کے ایمل ولی، نیشنل پارٹی کے جان محمد، پیپلز پارٹی کے عبدالقدوس بزنجو، سردار عمر گورگیج نے حلف اٹھا لیا۔سندھ سے جنرل نشست پر پیپلز پارٹی کے جام سیف اللّٰہ خان، اسلم ابڑو، مسرور احسن، دوست علی جیسر، اشرف جتوئی، کاظم علی شاہ اور ندیم بھٹو نے حلف اٹھا لیا۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!