Enter your email address below and subscribe to our newsletter

لاہور سمیت صوبہ بھر میں جانوروں کی آلائشیں نہروں اور نالوں میں پھینکنے پر پابندی عائد

Share your love

لاہور: عید الاضحیٰ کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں جانوروں کی آلائشیں نہروں اور نالوں میں پھینکنے پر پابندی عائد کردی گئی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبائی،ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح پر کنٹرول روم مزید فعال کرنے کاحکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگز یب، صوبائی وزراء عظمیٰ بخاری، صہیب احمد بھرتھ،معاونین خصوصی راشد نصر اللہ، ذیشان ملک، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب پولیس و دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں عید الاضحیٰ کے انتظامات اور صوبہ بھر میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ جانوروں کی آلائشیں نہروں اور نالوں وغیرہ میں پھینکنے اور عید الاضحیٰ پر سری پائے بھوننے کے غیر قانونی کاروبار پر دفعہ 144کے تحت پابندی عائد کردی گئی۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبائی،ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح پر کنٹرول روم مزید فعال کرنے کاحکم دیا۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں عملہ خود گھر گھر جاکر بائیوڈی گریڈ ایبل بیگ میں بند جانوروں کی آلائشیں اٹھائے گا، قربانی کے بعدشہر بھر کی سڑکوں کو دھویا جائے گا،چونا ڈالا جائے گا اور سپرے ہوگا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 294 مقامات پر جانوروں کے لئے سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں، صوبہ بھر میں ڈرین اور مین ہولز وغیرہ کو آلائشیں ڈالنے سے محفوظ رکھا جائے گا۔

دوران اجلاس لاہور سمیت صوبہ بھر کی 2600مساجد اور 900 عید گاہوں پر سکیورٹی کے انتظامات پر رپورٹ پیش کی گئی، صوبہ بھر میں اجتماعات کی نگرانی کے لئے کیمرے اور چیکنگ کے لئے واک تھرو گیٹس نصب ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سکیورٹی انتظامات کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم دیا اور عید گاہوں میں گرمی کے پیش نظر مسٹ فین اور پنکھے لگانے کی ہدایت کی اور پارکوں میں بچوں کے لئے جھولوں اور سلائیڈز کی انسپکشن کا حکم دیا۔

مریم نواز نے ہدایت کی کہ پارکوں میں نصب جھولوں کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے اور حفاظتی معیار کو یقینی بنایا جائے، جہاں اندیشہ ہو سکیورٹی بڑھائیں، عوام کے جان ومال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ لاوٴڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال اور اسلحہ نمائش پر پابندی یقینی بنائی جائے، مویشی منڈیوں، بازاروں اور مارکیٹوں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں، مویشی منڈیوں میں صفائی، شیڈ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سپرے کیا جائے۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!