سوناکشی سنہا ساتھی اداکار ظہیر اقبال کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
Share your love
ممبئی:معروف بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا اپنے پرانے دوست اور ساتھی اداکار ظہیر اقبال کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔
سوناکشی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے شوہر کے ہمراہ ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے تقریب کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق شادی کی سادہ سی تقریبات ممبئی میں سوناکشی سنہا کے حال ہی میں بیندرا میں خریدے گئے اپارٹمنٹ میں منعقد ہوئی جس میں دونوں کے خاندانوں اور دوستوں نے شرکت کی۔
تقریب میں سوناکشی سنہا نے سفید رنگ کی ساڑھی زیب تن کی ہوئی تھی جس کے ساتھ سفید گلوبند اور بالوں میں گجرہ بھی لگایا ہوا تھا جبکہ ظہیر اقبال نے بھی انہی کی طرح سفید کُرتا پہنا ہوا تھا۔
سوناکشی سنہا نے اپنے والد شتروگن سنہا اور ظہیر اقبال کے ہمراہ تصویر بھی شیئر کی جبکہ ایک اور تصویر میں انہیں شادی کی دستاویزات پر دستخط کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اپنی شادی کی تصاویر کے ساتھ سوناکشی نے لکھا کہ آج سے 6سال قبل 23جون 2017 کو ہم دونوں نے ایک دوسرے کی آنکھوں میں پیار دیکھا اور ہم نے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا، آج اس محبت اور پیار کی بدولت ہم تمام چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے دونوں خاندانوں کی دعاؤں سے اس مقام تک پہنچے ہیں، اب ہم میاں بیوی ہیں۔
سوناکشی سنہا کے والد شتروگن سنہا کے والد بھی تقریب میں موجود تھے۔
سوناکشی کے والد اور بالی وڈ اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر باپ اس لمحے کا انتظار کرتا ہے جب وہ اپنی بیٹی اس شخص کو سونپ دیتا ہے جسے وہ منتخب کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری بیٹی ظہیر کے ساتھ سب سے زیادہ خوش رہتی ہے، میری دعا ہے کہ ان کی جوڑی سلامت رہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں بھی ہیں کہ سوناکشی سنہا مسلمان اداکار سے شادی کرنے کے لیے مذہب اسلام قبول کر سکتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مذہب اسلام کی تعلیمات کے تحت مسلمان مرد سے شادی کے لیے غیر مسلم خاتون کا اسلام قبول کرنا لازمی ہوتا ہے جب کہ مسلم عورت سے شادی کرنے والے غیر مسلم مرد کو بھی مذہب اسلام میں داخل ہونا پڑتا ہے۔
اسی وجہ سے چہ مگوئیاں ہیں کہ سوناکشی سنہا بھی روایتی طور پر مذہب اسلام میں داخل ہوسکتی ہیں۔
تاہم دوسری جانب بھارتی میڈیا نے اداکار ظہیر اقبال کے والد کے حوالے سے بیان میں بتایا کہ اداکارہ مسلمان نہیں ہوں گی۔
ظہیر اقبال کے والد کا کہنا تھا کہ دونوں اسپیشل میریج ایکٹ کے تحت شادی کریں گے اور دونوں کی شادی قانونی ہوگی، اس میں کسی بھی مذہب کا کوئی عمل دخل نہیں، یہ دو دلوں کا میلاپ ہے۔
بھارت میں دو مختلف مذاہب سےتعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے اسپیشل میریج ایکٹ موجود ہے، جس کے تحت سیف علی خان، کرینہ کپور سمیت دیگر مسلمان اور ہندو اداکاروں کی شادیاں بھی ہوچکی ہیں۔