Enter your email address below and subscribe to our newsletter

ٹی20 ورلڈکپ فائنل، بھارت کا جیت کے لئے جنوبی افریقہ کو 177 رنز کا ہدف

Share your love

بارباڈوس:ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں بھارت نے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو جیت کےلیے 177 رنز کا ہدف دے دیا۔

بارباڈوس کے برج ٹاؤن میں کھیلے جارہے اس فائنل مقابلے میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بھارتی ٹیم کا رنز کے اعتبار سے تو آغاز برق رفتار رہا جہاں اس نے ابتدائی دو اوورز میں 23 رنز بنائے لیکن وہ کپتان روہت شرما اور ان فارم رشبھ پنت کی وکٹوں سے بھی محروم ہوگئی۔

روہت شرما 9 جبکہ ریشبھ پنت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ دونوں کو کیشو مہاراج نے میدان بدر کیا۔

34 کے مجموعے پر نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی بیٹر سوریا کمار یادیو کو کگیسو رباڈا نے چلتا کیا۔ سوریاکمار نے 3 رنز بنائے۔

اس کے بعد اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اور اکشر پٹیل کے درمیان 54 گیندوں پر 72 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے بھارت کی فائٹنگ ٹوٹل کی جانب پیش قدمی کو یقینی بنایا۔

اکشر پٹیل 106 کے مجموعے پر 47 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔

شیوم ڈوبے کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت کے دوران کے ساتھ اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ویرات کوہلی 19ویں اوور میں 76 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

آخری اوور میں 27 رنز کی اننگز کھیلنے والے شیوم ڈوبے اور 2 رنز بنانے والے رویندرا جاڈیجا آؤٹ ہوئے۔

بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

فائنل مقابلے کےلیے جنوبی افریقہ اور بھارتی ٹیمیں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

بھارتی ٹیم کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، ریشبھ پنت، سوریا کمار یادیو، شیوم ڈوبے، ہاریک پانڈیا، اکشر پٹیل، رویندرا جاڈیجا، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادیو اور جسپریت بومرا پر مشتمل ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم کپتان ایڈن مارکرم کی قیادت میں پہلی مرتبہ ورلڈکپ فائنل کھیل رہی ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، ہینرک کلاسین، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹین اسٹبز، مارکو یانسین، کیشو مہاراج، کگیسو رباڈا، اینرک نورکیا اور تبریز شمسی شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ نے افغانستان کو پہلے سیمی فائنل میں شکست دے کر ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

واضح رہے کہ دونوں ہی ٹیمیں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ورلڈکپ فائنل تک پہنچیں۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!