Enter your email address below and subscribe to our newsletter

خیبرپختونخوا حکومت کی کفایت شعاری پالیسی، نئی آسامیوں کی تخلیق پر پابندی

Share your love

پشاور: خیبرپختونخوا کی حکومت نے مالی سال 25-2024 کے لیے کفایت شعاری پالیسی کے تحت مختلف اقدامات کا اعلان کردیا اور نئی آسامیاں تخلیق کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

محکمہ خزانہ کے پی سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت نے مالی سال 25-2024 کے لیے اپنی کفایت شعاری پالیسی جاری کر دی ہے، جس کے تحت نئی آسامیوں کی تخلیق پر پابندی رہے گی تاہم ترقیاتی منصوبوں کے لیے وزیراعلیٰ کی اجازت سے آسامیاں قائم ہوپائیں گی۔

صوبائی حکومت نے بتایا کہ ایمبولینسز، فائربریگیڈ، ٹریکٹرز، ٹرک، بسوں، مسافر گاڑیوں، قیدیوں کی گاڑیوں اور ریسکیو کے لیے درکار گاڑیوں کے علاوہ دیگر گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی ہوگی۔

محکمہ خزانہ کے مطابق سرکاری اخراجات پر بیرون ملک تربیتی ورکشاپس اور سیمینارز میں شرکت پر پابندی ہوگی، فائیو اسٹار ہوٹلوں میں ورکشاپس اور سیمینارز کے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی۔

کفایت شعاری پالیسی کے تحت حکومت نے صوبائی اخراجات پر بیرون ملک علاج کرانے پر پابندی عائد کردی ہے اور بغیر کسی مناسب وجہ کے کنٹریکٹ ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں دی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام محکمے اپنے بجٹ کے اندر رہتے ہوئے اخراجات کریں گے اور کوئی ضمنی یا اضافی گرانٹ نہیں مانگیں گے اور صوبائی آمدن میں اضافے کے لیے صوبائی ریونیو ریویو کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی کے ساتھ صوبائی وزیرخزانہ کی زیر صدارت منعقد کیاجائے گا۔

حکومت نے آگاہ کیا کہ محکمہ خزانہ کی منظوری سے ہی جاری سال کے دوران عارضی ملازمین کی بھرتی ہوپائے گی لیکن رخصت پر گئے ملازمین کی آسامیوں پر کوئی بھرتی نہیں ہوگی۔

محکمہ خزانہ نے بتایا کہ خالی آسامیوں پر سرپلس پول کی این او سی کے بغیر کوئی بھرتی نہیں ہوگی اور محکمہ خزانہ کی پیشگی کلیئرنس کے بغیر کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ زیر غور نہیں لایاجائے گا۔

صوبائی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اگلے تین برسوں کے لیے ضلعی اور سیکٹورل پلان ترتیب دے گا۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!