سعودی عرب کی پاکستانی سیاحوں کے لئے ویزا کی شرائط میں نرمی
Share your love
کراچی: سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی سیاحوں کے لیے وزٹ ویزا کی شرائط میں نرمی کردی گئی ہے۔
پاکستانی سیاحوں کے لیے سعودی عرب کی جانب سے مقرر کی گئی نئی شرائط کے تحت وزٹ ویزا کے حصول کے لیے 750 امریکی ڈالر ماہانہ کریڈٹ یا اس کے مساوی رقم والے بینک اسٹیٹمنٹ جمع کرا سکتے ہیں۔
2023ء میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 43 فی صد زائد پاکستانی سیاحوں نے سعودی عرب کا وزٹ کیااور 2024ء میں سعودی عرب کو 27لاکھ پاکستانی سیاحوں کی آمدمتوقع ہے۔
سیاحوں کی اس بڑھتی ہوئی تعداد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور ملتان میں 6تشہیر دفاتر قائم کیے گئے ہیں، جہاں صارف دوست اور بہترین خدمات پیش کی جاتی ہیں، جن میں ویزا درخواست کی رہنمائی، بائیومیٹرک اندارج، اسٹیٹس ٹریکنگ اور پاسپورٹ کی ڈیلوری شامل ہیں۔
ان خصوصی دفاتر میں طویل انتظا رسے بچنے کے لیے مسافر اپنے دورے سے پہلے تشہیر کی ویب سائٹ پر اپوائنٹمنٹ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔
سعودی عرب نے پاکستانیوں کے لیے ٹرانزٹ ویزابھی متعارف کرایا ہے جو سعودی ائرلائن اور فلائی ناس کے ذریعے سعودی عرب آنے والے مسافروں کے لیے دستیاب ہے۔ اس ویزا کے ذریعے سیاح 96گھنٹے تک سعودی عرب کا دورہ کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ آن ارائیول ویزا ان مسافروں کے لیے دستیاب ہے، جن کے پاس برطانیہ، امریکا اور شینگن ویزا ہوں۔
مملکت کی جانب سے گزشتہ سال پاکستانی مسافروں کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت مسافر ایک سال کی مدّت میں سعودی عرب کے متعدد دوروں کے دوران ملک کے مختلف شہروں کی ثقافت اور قدرتی عجائبات سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ اس ویزا کے حامل پاکستانی مسافر عمرہ بھی کرسکتے ہیں۔یہ اقدام مقد س مقامات کے روحانی سفر اورباہمی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کے عزم کو اجاگر کرتاہے۔
ویزا نظام کو آسان بنانے کے اقدام سے پاکستانی شہریوں کو نہ صرف اپنے دوست احباب اور اہلِ خانہ سے ملنے اور عمرہ ادا کرنے کی ترغیب ملے گی بلکہ انہیں ریاض کے متحرک شہر کے منظر، جدّہ کے ثقافتی ورثے، بحیرہ احمر کے پوشیدہ خزانوں سے لے کر العلاکے قدیم عجائبات جیسے مقامات تک سعودی عرب کی سیر کرنے کی بھی ترغیب ملے گی۔
سعودی عرب سیاحوں کے لیے پورا سال کی بہترین منزل ہے جہاں سیاح گرمیوں میں ٹھنڈے اور سردیوں میں متحرک موسم سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔