بزرگ کا روپ دھار کر امریکہ جانے کی انوکھی کوشش کام نہ آئی
Share your love
نیو دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں نیلی پگڑی اور سفید داڑھی والا ایک ’بزرگ آدمی‘ دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کینیڈا اور پھر وہاں سے امریکہ جانے کے لیے امیگریشن کی قطار میں کھڑا تھا۔
اس نے اپنی شناخت 67 سالہ رشویندر سنگھ سہوتا کے طور پر کروائی، لیکن جب وہ بول رہا تھا تو ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے کچھ عجیب سا محسوس کیا کیونکہ اس شخص کی آواز اس کی عمر سے مطابقت نہیں رکھتی تھی، قریب سے دیکھنے پر انہوں نے محسوس کیا کہ اس کی جلد ایک نوجوان جیسی تھی اس پر جھریاں بھی نہیں تھیں۔
تفتیش سے معلوم ہوا کہ وہ شخص ایک 24 سالہ نوجوان تھا جس کا اصل نام گرو سیوک سنگھ تھا اور وہ کسی دوسرے آدمی کے پاسپورٹ پر سفر کر رہا تھا، اسے گرفتار کر لیا گیا،اس کی بیوی ارچنا کور نے بھی کچھ ایسا ہی روپ دھار رکھا تھا لیکن وہ موقع سے فرار ہوگئی مگر اسے بعد میں پکڑ لیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم اور اس کی بیوی لکھنؤ کے رہنے والے ہیں اور ایک ہفتہ سے مہیپال پور کے ایک ہوٹل میں مقیم تھے، پولیس کا کہنا ہےکہ گرو سیوک کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔