Enter your email address below and subscribe to our newsletter

وزیراعظم کی ڈی آئی خان میں ہیلتھ مرکز اور عمان میں امام بارگاہ پر فائرنگ کی مذمت

Share your love

 

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دیہی مرکز صحت پر دہشت گردانہ حملے اور عمان میں امام بارگاہ پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کڑی شموزئی میں قائم دہی مرکزِ صحت (RHC) پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں دو بچے، دو خواتین ہیلتھ ورکرز اور چوکیدار جاں بحق ہوا جبکہ جوابی کارروائی میں تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے پاک فوج کے دو جوانوں نے بھی جام شہات نوش کیا۔

وزیرِ اعظم نے شہداء کیلیے مغفرت اور ان کے اہلِ خانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشتگردی کے عفریت کو ختم کرکے دم لیں گے، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ معصوم بچوں اور عورتوں ہر حملہ کرنے والے بزدل دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے دپشت گرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عمان میں وادی الکبیر میں امام بارگاہ میں فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں 4 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے اہلِ خانہ سے اظہارِ افسوس اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیرِ اعظم نے عمان میں پاکستانی سفیر کو واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ اور زخمیوں کی معاونت کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمان میں پاکستانی سفیر اور سفارتی عملہ زخمی ہونے والے پاکستانیوں کی مدد کر رہا ہے اورپاکستانی سفارتخانہ زخمیوں کی ہر قسم کی معاونت یقینی بنائے گا اورجاں بحق ہونے والوں کے جسدِ خاکی پاکستان پہنچانے کیلیے ضروری اقدامات کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان کی ہدایات کے بعد عمان میں پاکستانی سفیر اسپتالوں کا خود دورہ کررہے ہیں،اللہ تعالی واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت فرمائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کی تمام تر ہمدردیاں واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!