پاکستان فلسطینیوں کے حق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کررہا ہے، دفتر خارجہ
Share your love
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطینیوں کے حق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کررہا ہے، پاکستان بیجنگ میں فلسطینی سیاسی دھڑوں کے اعلان اتحاد کا خیر مقدم کرتا ہے، ہم بامقصد مذاکرات کیلئے فلسطینی دھڑوں کو اکٹھا کرنے پر چین کے کردار کو سراہتے ہیں۔
ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوو نے 22سے 25جولائی پاکستان کا دورہ کیا، دورے میں ترکمانستان کے وزیر خارجہ میریدوو نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جبکہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی تفصیلی بات چیت کی ، ملاقاتوں میں تاپی منصوبے،تاپ بجلی ترسیلی لائن منصوبے سمیت روابط کے دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ پاکستان اور ترکمانستان میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون، رابطوں اور عوامی روابط کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل خسرو نوزیری پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، وہ اپنے الوداعی دورے پر پاکستان پہنچے، ان کی مدت اگلے ماہ ختم ہو رہی ہے، سابق سیکریٹری خارجہ اسد مجید خان آئندہ تین سال کے لیے ان کی جگہ لیں گے۔ ای سی او کے سیکریٹری جنرل سے افغانستان، کشمیر سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف 30جولائی کو تہران کا دورہ کریں گے، وزیراعظم نومنتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔
ممتاززہرابلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کررہا ہے، پاکستان بیجنگ میں فلسطینی سیاسی دھڑوں کے اعلان اتحاد کا خیر مقدم کرتا ہے، ہم بامقصد مذاکرات کیلئے فلسطینی دھڑوں کو اکٹھا کرنے پر چین کے کردار کو سراہتے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نوٹس لے۔