اسماعیل ہانیہ کے بیٹے، بیٹی کا والد کو خراج تحسین،مشن جاری رکھنے کا عزم،نیتن یاہو پر کڑی تنقید
Share your love
غزہ:حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ کی بیٹی اور بیٹے نے ویڈیو پیغامات میں اپنے والد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں اسماعیل ہانیہ کی بیٹی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد کی شہادت نہ صرف آپ کی قابض حکومت کے خلاف فتح کا باعث بنے گی بلکہ یہ فلسطین اور مزاحمت کی فتح کی علامت بھی ہو گی۔
اسماعیل ہانیہ کی بیٹی نے مزید کہا کہ اے نیتن یاہو، اگر آپ کو لگتا ہے کہ میرے والد کی شہادت سے آپ کو کچھ راحت ملے گی اور آپ اس جرم میں جیت گئے ہو تو ایسا ہرگز نہیں۔ ہار آپ کا مقدر بن چکی ہے۔
اسی طرح ایک ویڈیو میں اسماعیل ہانیہ کے بیٹے عبدالسلام نے کہا کہ الحمداللہ میرے والد کا خاتمہ شہادت پر ہوا۔ جہاد کے راستے کے مسافر یا تو شہید ہوتے ہیں یا غازی بن کر لوٹتے ہیں۔
اسماعیل ہانیہ کے بیٹے نے نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم چاہے کتنے ہی رہنماؤں کا قتل کرو، فلسطینی انقلاب کو روکنا اب کسی کے بس میں نہیں رہا۔