سوشل میڈیا پر ارشد ندیم کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ، چند گھنٹوں میں لاکھوں فالوورز بڑھ گئے
Share your love
اسلام آباد:پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی اولمپئین ارشد ندیم کی مقبولیت میں اضافہ ہونے لگا، چند گھنٹوں میں لاکھوں فالوورز بڑھ گئے۔
گولڈ میڈل جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والے ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی کے بعد اْن کے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کے فالوورز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
جیولین تھرو کے فائنل سے قبل ارشد ندیم کے انسٹاگرام ہینڈل پر فالوورز کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار تھی لیکن جیسے ہی گزشتہ شب ارشد ندیم کے اولمپک ریکارڈ اور گولڈ میڈل جیتنے کی خبر سامنے آئی تو اْن کے فالوورز کی تعداد بڑھنے لگی۔
ارشد ندیم کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں کا اضافہ ہوا ہے، اْنہیں انسٹاگرام پر چار لاکھ سے زائد صارفین نے فالو کرلیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ارشد ندیم کو فالو کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اْن کے فالوورز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
یادرہے کہ پاکستان 32 سال بعد اولمپک میں کوئی بھی میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا ہے، پاکستان نے آخری مرتبہ بار سلونا اولمپکس 1992 کی ہاکی میں برانز میڈل جیتا تھا جبکہ پاکستان نے آخری گولڈ میڈل 1984 میں 40 سال پہلے جیتا تھا جو ہاکی ٹیم نے دلوایا تھا۔
فائنل مقابلے کے دوران ارشد ندیم اپنی پہلی باری میں تھرو نہ کرسکے لیکن دوسری باری میں انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کی جو اولمپکس کی تاریخ کی اب تک سب سے بڑی تھرو ہے۔