بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام ، اڈیالہ جیل کے مزید 6 ملازمین سے تفتیش شروع
Share your love
راولپنڈی: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سہولت کاری کے الزام میں اڈیالہ جیل کے مزید 6 ملازمین سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔جیل کا لیڈی اسٹاف بھی بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے لیے سہولت کاری میں مبینہ طور پر ملوث پایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سہولت کاری اور ان کے لیے پیغام رسانی کے نیٹ ورک کے معاملے میں انکشافات ہوتے جا رہے ہیں، تازہ اطلاعات کے مطابق سکیورٹی اداروں نے سہولت کاری میں ملوث مزید 6 ملازمین سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔
زیر تفتیش آنے والے جیل ملازمین میں 2 لیڈی وارڈز، سوئپر اور کیمرہ سکیورٹی چیکنگ پر تعینات اہلکار شامل ہیں۔ ملازمین کے زیر استعمال موبائل فونز کی چیکنگ بھی کی جا رہی ہے جبکہ جیل کا لیڈی اسٹاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے لیے سہولت کاری میں مبینہ طور پر ملوث پایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 14 اگست سے اب تک عمران خان کے لیے جیل میں سہولت کاری کے الزام میں 16 ملازمین سے پوچھ گچھ جاری ہے۔