مردوں کے لیے عورتوں اور بچوں کو ہراساں کرنا کتنا آسان ہے،سجل علی
Share your love
کراچی :پاکستان شوبز انڈسٹری کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ سجل علی کا کہنا ہے کہ میرا اس قوم سے بھروسہ اور ملک پر سے اعتماد ختم ہو رہا ہے یہ دیکھ کر خوف آتا ہے کہ مردوں کے لیے عورتوں اور بچوں کو ہراساں کرنا کتنا آسان ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پیش آنے والے ہراسانی کے حالیہ واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک خبر کو ری شیئر کیا ہے۔خبر کے مطابق کراچی میں دن دہاڑے بچے کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار شخص نے راہ چلتی باحجاب خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔
یاد رہے کہ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
اب سجل علی نے مذکورہ واقعے پر افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا ہے کہ میرا اس قوم سے بھروسہ اور ملک پر سے اعتماد ختم ہو رہا ہے، یہ دیکھ کر مزید خوف آتا ہے کہ مردوں کے لیے عورتوں اور بچوں کو ہراساں کرنا کتنا عام ہو گیا ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی لکھا ہے کہ میں مدد تو نہیں کر سکتی، البتہ بہت مایوسی محسوس کر رہی ہوں کہ ہم کہاں جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ مذکورہ واقعہ یومِ آزادی سے قبل 12 اگست کو پیش آیا تھا اور آخری اطلاعات تک پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔