ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ ،منتخب کھلاڑیوں کو سفری اخراجات خود اٹھانے کا حکم
Share your love
کراچی: پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے 27 ویں ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئین شپ کے لیے منتخب قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو سفری اخراجات خود برداشت کرنے کا حکم جاری کردیا۔
فیڈریشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کھلاڑیوں کو کہا گیا ہے کہ پیر تک واپسی کے کنفرم ٹکٹ نہ جمع کرانے والا کھلاڑی کو پاکستان کی نمائندگی سے محروم کردیا جائے گا، چیمپئین شپ 6 سے 13 اکتوبر تک قازقستان کے شہر الماتے میں منعقد ہوگی۔
قومی ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری اعجازعلی نے ایشین چیمپئین شپ کے لیے منتخب کھلاڑیوں کو تحریری طور پر مطلع کیا ہے کہ ان کو سفری اخراجات خود اد اکرنا ہوں گے، ایسا نہ کرنے والا منتخب کھلاڑی ایشائی مقابلوں میں شرکت کا اہل نہیں ہوگا جبکہ ان کا اندراج منسوخ کر کے اخراجات برداشت کرنے والے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔
فیڈریشن کے اس فیصلہ سے محدود مالی وسائل کے حامل اہل کھلاڑی مقابلوں میں شرکت سے قاصر رہیں گے۔
ادھر ٹیبل ٹینس کے حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کے بجائے مالی بوجھ ان پر منتقل کیا جا رہا ہے، جو کھیلوں کے فروغ کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
حکومت اور متعلقہ ادارےاس معاملے پر غور کرکے ایسے اقدامات کریں جن سے کھلاڑیوں کو مالی بوجھ سے آزاد ہو کر اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملک کی نمائندگی کا موقع مل سکے۔
خیال رہے کہ ایشین چیمپئین شپ کے لیے منتخب تین مرد کھلاڑیوں میں سید عبید شاہ، محمد شاہ خان اور محمد عاصم قریشی شامل ہیں جبکہ سہ رکنی قومی ویمن ٹیم حائقہ حسن، حور فواد اور کلثوم خان پر مشتمل ہے، قومی فیڈریشن کے سیکریٹری اعجاز علی منیجر اور عرفان اللہ خان کوچ کی زمہ داری ادا کریں گے۔