فن ٹیک اداروں کے اشتراک سے مالی شمولیت اور ڈیجیٹلائزیشن کی کوششیں کامیاب بنائی جائیں گے،نادرا
Share your love
اسلام آباد: نادرا نے مالی شمولیت اور ڈیجیٹلائزیشن کی راہ ہموار کرنے، سائبرسکیورٹی اور شہریوں کی معلومات کا تحفظ یقینی بنانے کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دیتے ہوئے کہا کہ فن ٹیک اداروں کے اشتراک سے مالی شمولیت اور ڈیجیٹلائزیشن کی کوششیں کامیاب بنائی جائیں گے۔
نادرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں نادرا کے زیراہتمام مالیاتی شعبے سے وابستہ اداروں کی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان فن ٹیک نیٹ ورک کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کانفرنس کے شرکا میں ڈیجیٹل بینکوں، الیکٹرونک منی انسٹی ٹیوشنز، نان بینکنگ فنانشل انسٹی ٹیوشنز اور ایس ای سی پی کے نمائندے بھی شامل تھے۔
اس موقع پر نادرا کی جانب سے بتایا گیا کہ فن ٹیک اداروں کے اشتراک سے مالی شمولیت اور ڈیجیٹلائزیشن کی کوششیں کامیاب بنائی جائیں گی۔
اس کانفرنس کا مقصد ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے باہمی اشتراک کے لیے آئندہ لائحہ عمل کا جائزہ لینا تھا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک میں مالی شمولیت کا دائرہ وسیع کرنے، دھوکا دہی کے خطرات دور کرنے اور مالیاتی شعبے کے لیے محفوظ اور فعال ماحول یقینی بنایا جائے گا۔
چیئرمین نادرا کی جانب سے ڈیجیٹل سرگرمیوں میں سائبرسیکیورٹی اور شہریوں کی معلومات کا تحفظ یقینی بنانے پر زور دیا گیا اور انہوں نے کہا کہ نادرا نے سائبر سیکیورٹی کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں، اس کے سسٹمز محفوظ اور قابل اعتماد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے مضبوط سسٹمز کی بدولت فن ٹیک اداروں کی ضروریات کو عمدہ طریقے سے پورا کر رہے ہیں۔
تقریب میں مالی شمولیت اور ڈیجیٹلائزیشن کی راہ ہموار کرنے، سائبرسیکیورٹی اور شہریوں کی معلومات کا تحفظ یقینی بنانے کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی۔