یو اے ای کاغزہ میں انسدادِ پولیو مہم کے لئے 50 لاکھ ڈالرز کے عطیے کا اعلان
Share your love
دوحا :متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے غزہ میں انسدادِ پولیو مہم کیلئے 50 لاکھ ڈالرز کے عطیے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اقوامِ متحدہ کی جانب سے غزہ میں کل سے انسدادِپولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق عالمی ادارۂ صحت نے انسدادِ پولیو مہم سے قبل عملے کی سلامتی اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سربراہ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے مطالبہ کیا ہے کہ فریقین طبی عملے، صحت کی سہولتوں اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ غزہ میں 6 لاکھ 40 ہزار بچوں کو انسدادِ پولیو ویکسی نیشن کی ضرورت ہے جبکہ پہلے ہی غزہ میں انسدادِ پولیو مہم کے لیے ویکسین کی 1.26 ملین خوراکیں پہنچا دی گئی ہیں۔
غزہ میں طبی حکام، ڈبلیو ایچ او، یونیسف، انروا اور دیگر امدادی تنظیموں کے 2 ہزار 700 ہیلتھ ورکرز انسدادِ پولیو مہم میں حصہ لیں گے۔
یاد رہے کہ غزہ میں چھ روز پہلے پچیس سال بعد پہلا پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے بتایا تھا کہ اسرائیل پولیو ویکسی نیشن مہم کیلئے غزہ حملوں میں 3 روز کے وقفے پر رضامند ہوگیا، فلسطین میں عالمی ادارہ صحت کے ترجمان رک پیپرکورن نے اعلان کیا تھا کہ پولیو ویکسین کی مہم کا آغاز اتوار کو غزہ کی پٹی کے وسط سے سے ہوگا، یہ تین روز تک مختلف علاقوں میں جاری رہے گی۔
ادھر فلسطینی وزیر صحت کابیان سامنے آیا تھا جس میں ان کاکہنا تھاکہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے بارے میں ہمیں کوئی سرکاری تصدیق موصول نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 7اکتوبر 2023 سے اب تک 40ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 92ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ ہزاروں لاپتا ہیں۔