Enter your email address below and subscribe to our newsletter

تحریک انصاف کا وفاقی دارالحکومت میں پاورشو،رہنماؤں کا جلسے سے خطاب جاری

Share your love

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کا وفاقی دارالحکومت میں پاورشو جاری ہے، سنگجانی کے مقام پر ہونے والے جلسے میں رکاوٹوں کے باوجود کارکنان کی بڑی تعداد پہنچ گئی ہے اور پی ٹی آئی رہنما جلسے سے خطاب کرر ہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کررہی ہے، جلسہ گاہ کی جانب جانے والے اہم راستوں پر کنٹینر اور رکاوٹیں کھڑی کیے جانے کے باوجود کارکنان کی بڑی تعداد جلسہ گاہ پہنچنے میں کامیاب ہوگئی اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے جلسے سے خطاب کا سلسلہ جاری ہے۔

جلسے کے شرکا سے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر، شیر افضل مروت، راجا نصر عباس، جمشید دستی، عون عبس پبی اور دیگر نے خطاب کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر اور بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی اسٹیج پر موجود ہیں۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی بھی اسٹیج پر موجود ہیں اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی جلسہ گاہ پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ میں نے آپ سے صوابی کے جلسے میں کہا تھا کہ ہم ںڑا اعلان کریں گے، انہوں نے کہا کہ پنجابیو میدان لگنے لگا ہے تیار رہو، خون کے آخری قطرے تک کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام رکاوٹیں گواہیاں دے رہی ہیں کہ حکمران ہم سب سے خوفزدہ ہیں، یہ حکومت عدالتوں کو ہراساں کر کے قائم ہے، انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی آئین پر یقین نا رکھتا تو کب کا تمہارا دھڑن تختہ ہو چکا ہوتا۔

چیئرمین پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے جلسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو لاکھوں افراد کی حمایت حاصل ہے، کبھی بھی پاکستان میں کسی تحریک کو اتنی بڑی حمایت نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت چوری اور ڈاکے کی حکومت ہے، اگر بانی پی ٹی آئی کو رہا نہ کیا تو ہم پورے ملک میں تحریک چلائیں گے۔

محمود خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نہ ہمارا راستہ فوج روک سکتی ہے نہ پولیس۔

دریں اثنا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کے منتظمین کو جلسہ شام سات بجے تک ختم کرنے کا کہا گیا تھا تاہم جلسہ تاحال جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق این او سی میں جلسے کی اجازت دوپہر 4 بجے سے شام 7 بجے تک دی گئی ہے، اور جلسہ منتظمین کووقت سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔ مقررہ وقت تک جلسہ ختم نہ کرنا این او سی کی خلاف ورزی تصور ہوگی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ کے سگنلز ڈاؤن ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم وٹس ایپ پر تصاویر اور ویڈیوز ڈاؤن لوڈ نہیں ہورہیں، انٹر نیٹ کی اسپیڈ ڈاؤن ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

د وسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی کو آنیوالی ٹرینیں بھی لیٹ کردی گئیں، ریلوے انتظامیہ کے مطابق تیز گام ٹرین کامونکی سٹیشن پر رکی ہوئی ہے جبکہ ریل کار سادھوکی کے مقام پر رکی ہوئی ہے۔ محکمہ ریلوے کے مطابق پی ٹی آئی جلسے کے باعث ٹرینیں ہوئی ہیں، جلسہ نا ہوتاتو یہ ٹرینیں جہلم کراس کرچکی ہوتیں۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!