Enter your email address below and subscribe to our newsletter

بنگلا دیش نے بھارت سے حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ کر دیا

Share your love

ڈھاکا: بنگلا دیش کی عبوری حکومت کے پراسیکیوٹر نے بھارت سے حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم پر جنگی جرائم کے تحت مقدمات درج ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل کے چیف پراسیکیوٹر محمد تاج السلام نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ چونکہ مرکزی ملزمہ ملک سے فرار ہو چکی ہیں تو ہم انہیں واپس لانے کے لیے قانونی کارروائی شروع کریں گے۔

انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل کے چیف پراسیکیوٹر نے کہا کہ حسینہ واجد ملک میں اپوزیشن جماعتوں اور مخالفین کے قتل عام میں ملوث رہی ہیں۔ انھیں قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔

خیال رہے کہ بنگلا دیش کا بھارت کے ساتھ مجرمان کی حوالگی کا معاہدہ ہے جس پر 2013 میں دستخط کیے گئے تھے۔ تاہم معاہدے کی ایک شق کے تحت اگر جرم “سیاسی نوعیت” کا ہو تو حوالگی سے انکار کیا جا سکتا ہے۔

یہ معاہدہ شیخ حسینہ کی حکومت میں ہی طے پایا تھا۔ اسی طرح انٹرنینشل کرائمز ٹریبونل بھی 2010 میں حسینہ واجد نے ہی 1971 کی جنگ کے دوران ہونے والے مظالم کی تحقیقات کے لیے قائم کیا تھا اور اس کے تحت جماعت اسلامی کے کئی رہنماؤں کو پھانسی دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ بنگلا دیش میں طلبا تحریک کے باعث 5 اگست کو حسینہ واجد کے مسلسل 15 سالہ اقتدار کا سورج غروب ہوگیا تھا۔ اس احتجاجی تحریک کو کچلنے کے لیے سیکڑوں نوجوانوں کو قتل کیا گیا تھا۔

حسینہ واجد ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرار ہو کر اپنے پرانے اتحادی ملک بھارت چلی گئی تھیں اور تاحال وہیں مقیم ہیں۔

ملک کے نوبل امن انعام یافتہ معیشت دان اور بغاوت کے بعد اقتدار سنبھالنے والے عبوری رہنما محمد یونس نے بھی گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ حسینہ واجد کو بھارت میں جلاوطنی کے دوران خاموش رہنا چاہیے جب تک انہیں مقدمے کے لیے وطن واپس نہ لایا جائے۔

اقوام متحدہ کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کی تحقیقاتی ٹیم بھی بنگلادیش میں حسینہ واجد کے جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے جلد ہی ڈھاکا پہنچے گی۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!