وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر کے حالات کو دنیا کے سامنے پیش کیا، مشعال ملک
Share your love
اسلام آباد:حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے جنرل اسمبلی خطاب کا خیر مقدم کیا ہے۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی یواین اسمبلی اجلاس خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے کشمیر کے حالات کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے بھارت کی کشمیر میں دہشتگردی کو ایکسپوز کیا ہے، کشمیر میں ظلم و بربریت،دس لاکھ فوج کی واپسی اور کالے قوانین کو ختم کیا جائے جب تک اسلحہ اور غیر قانونی فوج کشی کا خاتمہ نہیں ہوتا۔
مشعال ملک کاکہنا تھا کہ پانچ اگست کے غیر قانونی اقدامات کی واپسی نہیں ہوتی تب تک حالات ٹھیک ہونے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، وزیراعظم پاکستان نے دنیا کے سامنے بالکل درست موقف پیش کیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر پر نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کشمیر میں جو کچھ کررہا ہے ، وہ عالمی اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ، ہندوستان اس وقت دنیا کی سب سے بڑی ریاستی دہشتگردی کررہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ایک فاشسٹ حکومت ہے تو کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکھنڈ بھارت کا بیانہ پورے خطے کو جنگ کی لپیٹ میں لے جاسکتا ہے، دنیا نے اگر مسئلہ کشمیر پر توجہ نہ دی تو یہ کشمیریوں کیساتھ بہت بڑی نانصافی ہو گی، مسئلہ کشمیر ایک فلیش پوائنٹ ہے جس سے پورا خطہ متاثر ہو سکتا ہے۔