مولانا فضل الرحمٰن جمعیت علمائے اسلام کے بلامقابلہ امیر منتخب
Share your love
پشاور: مولانا فضل الرحمٰن جمعیت علمائے اسلام (ف) کے بلامقابلہ امیر اور مولانا عبدالغفور حیدری بلامقابلہ جنرل سیکریٹری منتخب ہوگئے۔
جے یو آئی کی مرکزی جنرل کونسل کے تمام ارکان نے دونوں رہنماوں کو متفقہ طور پر پانچ سال کے لیے امیر اور جنرل سیکریٹری منتخب کیا ہے۔
انتخابات میں ملک بھر سے 1500 کے لگ بھگ مرکزی کونسل کے ارکان شریک ہوئے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جے یوآئی کی مرکزی مجلس عمومی کا اجلاس مفتی محمود مرکز پشاور میں ہوا جس میں ملک بھر سے اراکین مجلس عمومی نے شرکت کی۔
مولانا محمد امجد خان، مولانا خلیل احمد نے مرکزی امیر کے لیے مولانا فضل الرحمان کا نام پیش کیا تو اراکین عمومی نے کھڑے ہو کر تائید کی اور نعرے لگائے جبکہ سیکریٹری جنرل کے لیے مولانا عبد الغفور حیدری کا نام مولانا راشد خالد محمود سومرو اور مولانا جمیل الرحمٰن درخواستی درویش نے پیش کیا۔
خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے 1980 میں پارٹی کی قیادت سنبھالی تھی اور تب سے پارٹی کی سربراہی مولانا فضل الرحمٰن کے پاس ہے۔
خیبر پختون خوا، بلوچستان، سندھ، پنجاب، جی بی اور اسلام آباد کے انتخابات مکمل ہو چکے ہیں۔