Enter your email address below and subscribe to our newsletter

صدرآصف زرداری کا چینی سفارتخانے کا دورہ، دہشتگردانہ حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پراظہارافسوس

Share your love

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور چینی سفیر جیانگ زئے دونگ کے ساتھ ملاقات کی۔

صدرمملکت نے چینی سفیر سے 7 اکتوبر کو دہشت گردانہ حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے دکھ کی گھڑی میں چینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مملکت نے چینی سفیر سے ملاقات میں کہا کہ چینی حکومت اور عوام کا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردارہے، دونوں ممالک کے دشمن دونوں ریاستوں کے مابین بڑھتی شراکت داری نہیں دیکھ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں دوستوں کے درمیان دوستی کے بندھن کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

صدر مملکت نے چینی سفیر سے ملاقات میں پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے کیلیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

دریں اثنا ء ا صدر مملکت آصف علی زرداری 2 روزہ دورے پر ترکمانستان روانہ ہوگئے، صدر مملکت اشک آباد میں منعقد ہونے والے “وقت اور تہذیبوں کے باہمی تعلقات – امن اور ترقی کی بنیاد” کے موضوع پر بین الاقوامی فورم میں شرکت کریں گے۔

فورم کا انعقاد عظیم ترکمان مفکر، شاعر اور فلسفی مخدوم گلی فراگی کی 300 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیا جا رہا ہے۔

صدر مملکت دورے کے دوران فورم کی سائڈ لائنز پر ترکمانستان کی قیادت سے ملاقات بھی کریں گے۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!