پی ٹی آئی نے خارجہ پالیسی اور خوشحالی کیخلاف اعلان جنگ کیا ہے،عظمی بخاری
Share your love
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ تحریک فساد والے ایس سی او کانفرنس سے خوش نہیں۔
عظمی بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت نے ہمیشہ ترقی و خوشحالی کیخلاف کام کیا، طویل عرصے کے بعد ایک عالمی کانفرنس ملک میں ہو رہی ہے، مگر ملکی حالات خراب کرنے والے اور تحریک فساد والے اس کانفرنس سے خوش نہیں ہیں۔
عظمی بخاری نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ ایس سی او تک کوئی احتجاج نہیں ہو گا، لیکن انہوں نے کانفرنس کی تاریخوں میں احتجاج کی کال دے دی ہے، کل پی ٹی آئی نے خارجہ پالیسی اور خوشحالی کیخلاف اعلان جنگ کیا ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کا ایک ٹریک ریکارڈ ہے کہ ان کا کپتان ملک و قوم کی خوشحالی اور دوسرے ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کیخلاف ڈٹ کر کھڑا ہے، یہ بھارتی وزیر خارجہ کو تو اپنے احتجاج میں بلاتے ہیں مگر اسرائیل کیخلاف کانفرنس میں نہیں جاتے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ ان کے نئے سیکرٹری اطلاعات خود تو ورک فرام ہوم کرتے ہیں اور دوسروں کو احتجاج کی کال دے رہے ہیں، اس بار کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ان کیخلاف وہی سلوک ہوگا جو ایسے کام کرنے والوں کیخلاف ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اپنے اراکین اسمبلی کے رشتہ دار کہہ رہے ہیں کہ انہیں خود پی ٹی آئی نے اغوا کر لیا ہے، یہ تحریک تضاد، تحریک فساد یا تحریک انتشار ہے جو اپنے ہی لوگوں کو خود اغوا کر لیتی ہے۔