ترکیہ میں قائم ایرو اسپیس انڈسٹریز کے دفتر پر دہشت گردوں کا حملہ، 4 افراد جاں بحق، 14 زخمی
Share your love
انقرہ :ترکیہ کے دارالحکومت میں قائم ایرو اسپیس انڈسٹریز کے دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز کے ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے حملے میں 4 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ترک صدر طیب اردوان اس وقت روسی صدر ویلادیمیر پوٹن کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں تاہم انہوں نے حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے اور بزدلانہ حملے کی مذمت بھی کی۔
ترک وزیرداخلہ علی یرلیکایا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ اس حملے میں ملوث دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
ترک خبرایجنسی انادولو نے اس سے قبل حملے کی تصدیق کرتے ہوئے رپورٹ کیا تھا کہ اعلیٰ حکام نے کہا کہ انقرہ میں قائم ترکش ایرواسپیس انڈسٹریز (ٹی اے آئی) پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا ہے۔
وزیرداخلہ علی یارلیکایا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا تھا کہ دہشت گردی کے حملے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے کارروائی کر رہی ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تازہ خبروں کے لیے حکومت سے جاری ہونے والے بیانات پر انحصار کریں۔
ترکیے کے سینٹر فار کمبیٹنگ ڈس انفارمیشن نے ایکس پر زور دیا کہ عوام سرکاری ذرائع سے آنے والے خبریں دیکھیں اور بے بنیاد الزامات سے گریز کریں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ انقرہ کے ضلع کاہرامانکازان میں قائم ترکش ایرواسپیس انڈسٹریز میں دھماکا اور فائرنگ کی آواز سنی گئی اور بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز، فائر فائٹرز اور پیرامیڈکس کو جائے وقوع کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ دفاعی کمپنی کے عہدیداروں کو سیکیورٹی خدشات پر محفوظ جگہ منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
انقرہ کے چیف پبلک پروسیکیوٹر آفس نے ایرواسپیش انڈسٹریز کو نشانہ بنانے کے لیے ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ انڈسٹریز ملک کی انتہائی اہم دفاعی اور ایوی ایشن کمپنیوں میں سے ایک ہے، یہاں ملک کا پہلا قومی لڑاکا طیارہ تیار کیا گیا تھا اور اس کے علاوہ دیگر منصوبے بھی شامل ہیں اور یہاں 10 ہزار سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر بیان میں انقرہ میں دہشت گردی کے حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ میں دہشت گردی کی اس مذموم کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور ہم ترکیہ کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے بیان میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور دہشت گردی کے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔