حزب اللّٰہ کے نئے راکٹ حملوں میں 9 اسرائیلی زخمی ہوگئے
Share your love
بیروت:لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے اسرائیل میں مزید راکٹ داغ دیے، جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 3 کی حالت نازک ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ لبنان سے تقریباً 30 راکٹ غلیلی کی جانب داغے گئے ہیں، جن میں سے کچھ کو روک دیا گیا، جبکہ باقی راکٹ مجد الکروم اور قریبی علاقوں میں گرے۔
طبی عملے کا کہنا ہے کہ مجد الکروم میں کم از کم 9 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے، زخمیوں میں دو 21 سالہ نوجوان شامل ایک 80 سالہ شخص بھی شامل ہے، اس کے علاوہ ایک 35 سالہ خاتون بھی شامل ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لبنان سے حملے کے دوران مجدل کروم اور دیگر علاقوں میں سائرن بھی بجائے گئے تھے۔
دوسری جانب جنوبی لبنان میں حزب اللّٰہ کے حملوں میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے، اسرائیل نے اپنے ریزرو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللّٰہ کی جانب سے گزشتہ رات جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج پر راکٹ حملہ کیا گیا، جس میں 5 فوجی ہلاک ہوئے۔