مقبوضہ کشمیر:بھارتی پولیس نے سوشل میڈیا استعمال کر نے پر سرکاری ملازم کو گرفتار کرلیا
Share your love
غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں بھارتی پولیس نے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر ایک سرکاری ملازم کوگرفتار کر لیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گرفتا کئے گئے ملازم کی شناخت امر سنگھ کے طورپر ہوئی ہے جو ضلع کے علاقے بیولی کا رہائشی اور چیف ایجوکیشن آفیسر، ڈوڈہ کے دفتر میں درجہ چہارم کا ملازم ہے۔ جبکہ جموں و کشمیر میں جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے 11مارچ بروز ہفتہ کو مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں نئے پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر ارون گپتا نے کہا کہ سول سوسائٹی اور دیگر تنظیموں کے ارکان کے ساتھ سلسلہ وار میٹنگوں کے بعد انہوں نے ہفتہ کے روز پراپرٹی ٹیکس کے خلاف مکمل ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے 3 کشمیری نوجوانوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت قید کا حکم کالعدم قراردیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو انہیں فوری رہا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ہائی کورٹ نے وسیم احمد پنڈت، غلام احمد وازہ اور ظہور احمد شیخ نامی نوجوانوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کالعدم قراردی۔ انڈین نیشنل کانگریس کی جموں وکشمیر شاخ کے صدر وقار رسول وانی نے کہا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے کشمیری عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔