سپریم کورٹ فیصلوں اور احکامات پرنظرثانی کا بل سینیٹ سے منظور
Share your love
اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں سپریم کورٹ فیصلوں اور آرڈر پر نظرثانی (سپریم کورٹ ریویو اینڈ ججمنٹ) کا بل منظور کرلیا گیا، جس پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔
سپریم کورٹ فیصلوں اور احکامات پر نظرثانی کا بل پارلیمان کے ایوانِ بالا سے منظور ہوگیا۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں سینیٹ کا اجلاس ہوا، جس میں ن لیگ کے سینیٹر عرفان صدیقی کی جانب سے ایوان میں بل پیش کیا گیا، جس پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور چیئرمین ڈائس کا گھیراوٴ کرلیا۔ اپوزیشن کی جانب سے جعلی بل نامنظور، امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے گئے۔
اپوزیشن ارکان نے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اور چیئرمین ڈائس کے سامنے نعرے لگائے، سکیورٹی نے حکومتی اور اپوزیشن بنچز کے درمیان حصار باندھ لیا، اپوزیشن ارکان نے توہین عدالت نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔
اپوزیشن کے احتجاج کے دوران سپریم کورٹ فیصلوں اور آرڈر پر نظر ثانی کا بل سینیٹ میں منظور کر لیا گیا، بل پیش کرنے کی تحریک کے حق میں 32 اور مخالفت میں 21 ووٹ آئے۔
بعدازاں سینٹ کااجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردیاگیا۔