Enter your email address below and subscribe to our newsletter

عمران خان احتساب عدالت پیش،نیب نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی

Share your love

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو احتساب عدالت کے سامنے پیش کردیا گیا ہے، نیب نے عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔جبکہ عمران خان کے وکلاء نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔

سابق وزیراعظم کو القادر یونیورسٹی کیس میں گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد آج احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیاجہاں جج محمد بشیرمقدمہ کی سماعت کررہے ہیں ۔دوران سماعت نیب نے عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔
نیب کی جانب سے عدالت میں عمران خان کی گرفتاری کی وجوہات پیش کردی گئیں۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل خواجہ حارث، علی بخاری اور بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے اور عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔

بعد ازاں احتساب عدالت اسلام آباد میں القادر ٹرسٹ کیس میں وقفے کے بعد عدالتی کارروائی کا دوبارہ آغاز ہوا، جس میں عمران خان اپنے وکلا کے ہمراہ دوبارہ پیش ہوئے۔

القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی نمائندگی خواجہ حارث، بیرسٹر علی گوہر اور ایڈووکیٹ علی بخاری نے کی جب کہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی، اسپیشل پراسیکیوٹر رافع مقصود اور نیب کے پراسیکیوٹر سردار ذوالقرنین عدالت میں موجود تھے۔

نیب کی طرف سے انویسٹی گیشن آفیسر میاں عمر ندیم بھی عدالت میں موجود تھے، جہاں نیب کی طرف سے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ لینے کی استدعا کی گئی۔

دوران سماعت عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے احتساب عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرے موٴکل کی گرفتاری غیر قانونی طور پر کی گئی۔ عمران خان کی گرفتاری کے لیے مناسب طریقہ نہیں اپنایا گیا۔ نیب نے نوٹس تو بھیجا لیکن شکایت کو کب ریفرنس میں تبدیل کیا ؟۔ عمران خان کو کئی دیگر کیسز میں گھسیٹا جارہا ہے۔ میرا موٴکل شامل تفتیش ہوکر تحقیقات میں تعاون کرے گا۔ جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کو گرفتاری کے وقت وارنٹ دکھائے گئے تھے، جس پر عمران خان نے کہا کہ مجھے وارنٹ نیب دفتر پہنچنے پر دکھائے گئے۔ پراسیکیوٹر نیب نے عمران خان کے وکلا کو دستاویزات فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ کرپشن کا کیس ہے جس کی تحقیقات برطانیہ کی این اے سی نے کی۔ اس کیس کی رقم حکومت پاکستان کو منتقل ہونا تھی۔

خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گزشتہ روز نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے رینجرز کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت کئی شہروں میں جلاوٴ گھیراوٴ کے بعد شدید ہنگامہ آرائی جاری رہی جب کہ کئی مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے مابین جھڑپیں بھی ہوتی رہیں۔

آج صبح پی ٹی آئی کے سابق گورنر پنجاب کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا جب کہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ادھر پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے عمران خان کیس کی 2 عدالتیں پولیس لائن منتقلی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

اس حوالے سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پولیس لائن عدالت بنانے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیا جائے۔ عمران خان سے لیگل ٹیم کو ملنے کی اجازت دی جائے۔ عمران خان سے لیگل ٹیم کی ملاقات نہ کروانے سے فئیر ٹرائل متاثر ہوگا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں اور وکلا کو عمران خان سے ملنے کی اجازت دی جائے۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!