جلاؤ گھیراؤ کے واقعات باعث شرم،ملوث عناصر کو سزا ملنی چاہیے،فواد چوہدری
Share your love
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدرو ترجمان فواد چودہری نے کورکمانڈر لاہور کے گھر اور جی ایچ کیو میں حملوں کے واقعات کو باعث شرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے ان واقعات میں ملوث عناصر چاہے پی ٹی آئی سے بھی ہوں تو انہیں سزا ملنی چاہیے۔
ملک بھرمیں جاری کریک ڈاؤن کے بعدپاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بالآخر جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کوباعث شرم قرار دے دیا گیا۔
مرکزی رہنما فواد چودہری نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت کروانے اور گرفتاری سے روکنے کے احکامات وصول کرنے کے بعد نو مئی کے واقعات پر شرمندگی کا اعتراف کر لیا
فواد چودہری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کی حیثیت سے کہتا ہوں پاک فوج ہے تو پاکستان ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، نو مئی کے واقعات میں ملوث لوگ پی ٹی آئی کے ہوں یا نہ ہوں، انہیں سزا ضرور ملنی چاہیے۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ روز فواد چودہری کی تین ایم پی او کے تحت گرفتاری کے احکامات کالعدم قرار دیدیئے اور ان کی رہائی کا حکم دیا جس پر وہ عدالت سے روانہ ہونے لگے تو پنجاب پولیس کو دیکھ کر اچانک گاڑی سے اتر کر بھاگتے ہوئے واپس ہائیکورٹ کے اندر چلے گئے اور پولیس کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو کل ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے اسلام آباد پولیس اور پنجاب پولیس کو فواد چودہری کو کل تک گرفتارنہ کرنے کا حکم دیا اور عدالتی اہلکار کو بھیج کر آئی جی اسلام آباد سے احکامات کی تعمیل بھی کروائی تاہم فواد چودہری رات ساڑھے گیارہ بجے تک بار روم میں ہی بیٹھے رہے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کے بعد روانہ ہوگئے۔