عمران خان نے حکومت سے بات چیت کے لیے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی
Share your love
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے پی ٹی آئی کی 7 رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر مذاکراتی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
کمیٹی میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد قیصر، حلیم عادل شیخ، عون عباسی، مراد سعید اور حماد اظہر شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی حکومتی اراکین کے ساتھ بات چیت کر کے انتخابات کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرے گی۔
ادھر عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے خالی عہدوں پر بھرتیاں شروع کرتے ہوئے عمر ایوب خان کو پی ٹی آئی کا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عمر ایوب خان بطور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی پارٹی کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ واضح رہے کہ اسد عمر کے استعفے کے بعد سیکریٹری جنرل کا عہدہ خالی ہوگیا تھا۔