متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کی ڈیڑھ کروڑ درہم کی لاٹری نکل آئی

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں ایمریٹس ڈرا EASY6 میں ڈی ایچ 15 ملین لاٹری کی قرعہ اندازی میں محمد انعام نامی پاکستانی شہری کی قمست جاگ گئی۔ ایک کروڑ 50 لاکھ درہم کی لاٹری جیتنے والے پاکستانی محمد انعام متحدہ عرب امارات میں آڈیٹر ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق جب محمد انعام کو قرعہ اندازی میں اوّل انعام نکلنے پر کمپنی کی جانب سے فون کیا گیا تو وہ اُسے ایک پرینک کال سمجھے اور آخری وقت تک انھیں اپنی قمست پر یقین نہیں آرہا تھا۔

ابو ظہبی میں پیدا ہونے والے پاکستانی محمد انعام پیشے کے اعتبار سے آڈیٹر ہیں اور 2021 سے لاٹری ایمریٹس ڈرا EASY6 خرید رہے تھے لیکن کبھی ان کا کوئی چھوٹا سا انعام بھی نہیں نکلا تھا۔

یہی وجہ تھی کہ اس بار ہونے والے لکی ڈرا کو وہ براہ راست نہیں دیکھ رہے تھے اور جب کمپنی کی جانب سے کامیابی کی مبارک باد کال کی گئی تو وہ اسے مذاق اور دھوکا سمجھے۔

بعد ازاں کمپنی نمائندے نے انھیں یقین دلایا اور ایک خصوصی تقریب رکھی گئی جس میں انھیں انعام کا واؤچر پیش کیا گیا۔ پاکستانی شہری اس رقم سے سب سے پہلے حج کرنا چاہتے ہیں۔

محمد انعام کا کہنا تھا کہ حج کے بعد بقیہ رقم سے وہ متحدہ عرب امارات میں جائیداد خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے والد 1970 میں پاکستان سے ابوظہبی آئے تھے۔محمد انعام کی پیدائش، پرورش اور تعلیم ابوظہبی میں ہی مکمل ہوئی۔