برطانیہ میں مجھ پر تیزاب پھینکا گیا، شہزاد اکبر
Share your love
لندن: تحریک انصاف کے دور حکومت میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ مجھ پر نامعلوم شخص کی جانب سے تیزاب پھینکا گیا۔میری بیوی اور بچے محفوظ ہیں، تاہم مجھے کچھ چوٹیں آئی ہیں لیکن جان کو خطرہ نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں شہزاد اکبر نے کہا کہ کل شام برطانیہ میں مجھ پر میرے گھر جہاں میں اپنے بچوں کے ساتھ مقیم ہوں حملہ کیا گیا، حملہ آور نے میرے اوپر تیزابی محلول پھینکا اور فرار ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور ایمرجنسی سروسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں کیونکہ پہلے سے پولیس تھریٹ سے آگاہ تھی، اللہ کا شکر ہے کہ حملہ آور پوری طرح سے کامیاب نہ ہوا، میری بیوی اور بچے محفوظ ہیں، تاہم مجھے کچھ چوٹیں آئی ہیں لیکن جان کو خطرہ نہیں۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ انشااللہ میرا حوصلہ اور عزم برقرار ہے اور رہے گا، ظالم اپنے ارادوں میں کامیاب نہیں ہوں گے اور انشااللہ جلد بے نقاب بھی ہوں گے۔