عام انتخابات کے بعد پاکستان سیاسی استحکام کی طرف بڑھے گا،بلاول بھٹو
Share your love
اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں موجود غیر ملکی سفارت کاروں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد پاکستان سیاسی استحکام کی طرف بڑھے گا، سیاسی استحکام سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا۔
عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ کو لیڈ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، تمام ہمسایوں کے ساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتے ہیں، گزشتہ 15 ماہ میں عالمی سطح پر خارجہ تعلقات میں بہتری آئی، بطور وزیر خارجہ دنیا کے مختلف ممالک کا دورہ کیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا ہے کہ دوسرے ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کی، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گزشتہ سال پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، کوپ 27 کانفرنس میں دوست ملکوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون کے وعدے کیے، مشکل حالات میں دوست ممالک کے مدد پر مشکور ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ کامیابی سے معاہدہ کیا، چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات نے آئی ایم ایف معاہدے میں بھرپور تعاون کیا، عام انتخابات کے بعد پاکستان سیاسی استحکام کی طرف بڑھے گا، سیاسی استحکام سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا۔