سانحہ جڑانوالہ کے بعد شہر میں زندگی معمول پر آنے لگی
Share your love
فیصل آباد: سانحہ جڑانوالہ کے بعد شہر میں زندگی معمول پر آ گئی، متاثرہ مسیحی خاندانوں نے گھروں کو واپسی شروع کر دی۔ اب تک قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جلاوٴ گھیراوٴ پر اکسانے والے مرکزی ملزم سمیت 150 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں 16 اگست کو افسوس ناک واقعہ کے بعد بند کیے گئے سرکاری اور نجی ادارے معمول کے مطابق کھل گئے ہیں، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے رینجرز کی دو کمپنیاں سٹینڈ بائی کر دی گئیں۔
سانحے کے بعد سے اب تک قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جلاوٴ گھیراوٴ پر اکسانے والے مرکزی ملزم سمیت 150 افراد کو حراست میں لیا ہے، عدالت سے جسمانی ریمانڈ ملنے پر پولیس نے 128 ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔
پولیس کی جانب سے واقعے کے مزید تین مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جن میں دہشت گردی، اقدام قتل، سرکاری و نجی املاک کی توڑ پھوڑ، جلاوٴ گھیراوٴ سمیت 9 دفعات شامل ہیں۔
یاد رہے 16 اگست کو مشتعل ہجوم نے 19 چرچ اور 86 گھروں کو نذر آتش کیا تھا، سب سے زیادہ نقصان عیسیٰ نگری اور محلہ چمڑہ منڈی میں ہوا، ٹیلی فون ایکسچینج اور فاروق پارک بھی متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں، مہاراں والا، شہروآنہ، کموآنہ اور چک 240 میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔