تمام مذاہب نے امن کی بات کی، تہذیبوں کو لاحق خطرات کو روکنا ہوگا،صدر عارف علوی
Share your love
اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی امن اور ماحول کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اور مربوط اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چاہتے ہیں کہ امن اور محبت کا پیغام عام ہو، پاکستان نے دنیا کے لئے گندھارا تہذیب کی قدیم تاریخ کے منفرد امتزاج اور بدھا کے امن اور ہمدردی کے پیغام کے ساتھ ایک قیمتی دریچہ کھولا ہے۔
اسلام آباد میں ”کلچرل ڈپلومیسی “پاکستان میں گندھارا تہذیب اور بدھسٹ ہیریٹیج کی بحالی“کے موضوع پر تین روزہ گندھارا سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا ۔
صدرمملکت عارف علوی نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا وادی سندھ کی تہذیب کا شمار دنیا کی اہم تہذیبوں میں ہوتا ہے، مذہبی کتب میں گندھارا تہذیب کا بھی ذکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدھا کی تعلیمات امن، محبت اور رواداری کا درس دیتی ہیں، موجودہ دور میں صبر اور تحمل ضروری ہوچکا ہے۔
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف تہذیبوں کو اختلافات بھلا کر باہم ہونے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے سمپوزیم کے انعقاد پر انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد اور دیگر متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام مذاہب نے امن کی بات کی ہے، دنیا کو امن اور بہتر ماحول کی ضرورت ہے۔ دنیا کو تنازعات سے ہٹ کر امن کی طرف جانا چاہئے اور تہذیبوں کو لاحق خطرات کو روکنا ہوگا۔
سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے تقریب میں شرکت پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سمپوزیم کے انعقاد سے پاکستان میں مذہبی سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔
سمپوزیم کے افتتاحی سیشن میں اسلام آباد میں متعین مختلف ملکوں کے سفارت کاروں، مذہبی رہنماؤں، ماہرین آثار قدیمہ، ماہرین تعلیم اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔