ڈیجیٹل مردم شماری ، نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج ہو گا
Share your love
اسلام آباد: ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج ہو گا۔ قانونی ٹیم نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے کمیشن کو بریفنگ دے گی۔
نئی حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس آج دن 11 بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں ممبران، سیکرٹری، سپیشل سیکرٹری اور متعلقہ حکام شرکت کریں گے، اجلاس میں قانونی ٹیم نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے کمیشن کو بریفنگ دے گی۔
الیکشن کمیشن نے وفاقی اور صوبائی نگراں حکومتوں کو الیکشن کے لیے بہترین ماحول بنانے کی بھی ہدایت کردی ہے، ہر سیاسی جماعت کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے خط میں کہا کہ نگراں حکومتیں صاف شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت یقینی بنائیں۔
ادھر الیکشن کمیشن نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، سندھ اور بلوچستان کے چیف سیکرٹریز کے نام بھی خط لکھا ہے۔
خط میں الیکشن کمیشن کی منظوری سے انتظامی افسران کے تبادلوں کا حکم دیا گیا ہے۔خط کے متن کے مطابق وہ تمام انتظامی افسران تبدیل کیے جائیں جو انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم حکومت نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری دی تھی جس کے بعد گزشتہ ہفتے الیکشن کمیشن کے متعدد اجلاس ہوئے تاہم حلقہ بندیاں کرنے یا نہ کرنے سے متعلق تاحال فیصلہ نہ ہو سکا۔