گیس کمپنیوں کی آمدن بڑھانے کے لیے قیمت میں پچاس فیصد تک اضافے کی منظوری
Share your love
اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کمپنیوں کی آمدن بڑھانے کے لیے قیمت میں پچاس فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی۔
اوگرا نے سوئی نادرن اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی ریونیو ضروریات پوری کرنے کی منظوری دیتے ہوئے صارفین کے لئے گیس کی قیمت پچاس فیصد تک بڑھانے کی منظوری دے دی۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن کے صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں اوسطا 42فیصد تک اضافے کی منظوری دی گئی ہے، جس کے تحت صارفین کیلئے گیس نرخ 415روپے 11پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو بڑھ جائیں گے اور ریٹ 1238 روپے 68 پیسے ہوجائے گا۔
علاوہ ازیں اوگرا نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے صارفین کیلئے نرخ 417روپے فی ایم ایم بی ٹی یو بڑھانے کی منظوری بھی دی جس کے بعد سوئی نادرن کے صارفین کا فی ایم ایم بی ٹی یو ریٹ 1350 روپے 68 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا۔
اوگرا نے ریونیو ضروریات منظور کرکے حکومت کو سمری ارسال کردی، حکومت اوگرا کی منظوری کے بعد قیمتوں کو بڑھانے کا نوٹیفیکیشن جاری کرے گی۔