خیبرپختونخوا میں رحمت العالمین کانفرنس کے انعقاد کی منظوری
Share your love
پشاور:خیبرپختونخوا کی کابینہ نے سرکاری سطح پر صوبے بھر میں رحمت العالمین کانفرنسز کے انعقاد کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے صوبہ بھر میں رحمت العالمین کانفرنسوں کے سرکاری سطح پر انعقاد کی منظوری دی۔ جس کے تحت کانفرنسز صوبائی، ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر منعقد کی جائیں گی۔
ان کانفرنسز میں نعت خوانی اور قرآت کے مقابلوں کے علاوہ سیرت النبی پر خصوصی نشستیں بھی منعقد کئے جائیں گے۔
علاوہ ازیں کابینہ نے خیبرپختونخوا رجسٹریشن آف برک کلن بل 2024 کے مسودے کی منظوری دیدی۔ اس قانون سازی کا مقصد صوبے میں اینٹ کے بھٹوں کی رجسٹریشن اور بہتر انتظام و انصرام کے لئے ایک جامع اور موثر ریگولیٹری فریم ورک تیار کرنا ہے۔
اس قانون پر عملدرآمد سے اینٹ بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے اسباب کا تدارک ممکن ہوسکے گا۔
کابینہ اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے قانون کے مسودے کی منظوری دی گئی جس کے تحت اوورسیز پاکستانیوں اور اُن کے اہل خانہ کے مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا۔ قانون میں سمندر پار پاکستانیوں کے شکایات کے ازالے کا مربوط نظام شامل ہے جبکہ وزیراعلیٰ سمندر پار پاکستانیوں کے کمیشن کے سربراہ ہوں گے۔