لاہور میں سموگ سے بچاؤ کے لئے منصوعی بارش کے انتظامات مکمل
Share your love
لاہور:پنجاب حکومت نے لاہور میں سموگ سے بچاؤ کے لئے مصنوعی بارش کے انتظامات مکمل کر لئے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محکمہ ماحولیات آرمی ایوی ایشن، سول ایوی ایشن، پی سی ایس آئی آر اور محکمہ موسمیات نے مشترکہ حکمت عملی تیار لی ہے ،سموگ سے بچاؤ کے لئے بوقت ضرورت مصنوعی بارش کی جائے گی، مصنوعی بارش اور دیگر اقدامات کے لئے وسائل بھی مہیا کر دئیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ موسمیات کی معاونت سے مصنوعی بارش کی جائے گی، سموگ کی شدت کی صورت میں تمام انتظامی اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، بین الاقوامی معیار کے مطابق مصنوعی بارش کے حوالے سے عمل کیا جائے گا، ایک بار مصنوعی بارش پر 50 سے 70 لاکھ روپے خرچ آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ زہریلا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، کارخانوں اور ذرائع کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، زہریلے دھوئیں سے بچاؤ کے اقدامات سے ماحول بہتر کر لیں تو مصنوعی بارش کی ضرورت نہیں، عوام ساتھ دیں، مل کر سموگ سے بچاؤ کے جہاد کو کامیاب بنائیں۔
مریم اورنگزیب نے اپیل کی کہ فصلوں کی باقیات جلتی دیکھیں، صنعتوں سے دھواں اٹھتا دیکھیں یا مقدار سے بڑھ کر دھواں چھوڑتی گاڑیاں دیکھیں تو 1373 پر اطلاع دیں، ہر شہری کا تعاون انسانی جانیں بچا سکتا ہے۔