ایشیا کپ ،پاک بھارت ٹاکرا ،روایتی حریف آج پھر مدمقابل ہونگے
Share your love
کولمبو:ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا آج پھر ہوگا، ٹیمیں کولمبو میں ان ایکشن ہوں گی، بارش بھی رنگ میں بھنگ ڈالنے کیلئے تیار ہے۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا، کولمبو میں آج بھی بارش کا امکان ہے، بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہونے پر کل میچ وہیں سے شروع ہوگا جہاں روکا گیا ہوگا، بڑا مقابلہ دیکھنے کیلئے شائقین کو بے چینی سے انتظار ہے۔
پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کیلئے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے، فہیم اشرف کو پلیئنگ الیون میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستانی ٹیم 3 فاسٹ اور 3 سپنرز کے ساتھ گراؤنڈ میں اترے گی۔
فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کو فہیم اشرف سپورٹ کریں گے، سپنرز میں نائب کپتان شاداب خان، افتخار احمد اور سلمان علی آغا شامل ہوں گے۔
ٹاپ آرڈر میں فخر زمان، امام الحق اور کپتان بابراعظم ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنانے کی کوشش کریں گے، محمد رضوان وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
گزشتہ روز قومی ٹیم نے بڑے معرکے سے قبل بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی خامیوں کو دور کرنے کیلئے بھرپور پریکٹس کی۔
ادھر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھارت کے خلاف میچ جیتنے کیلئے پر عزم ہیں، بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا فوکس میچ پر ہے، ہمارے پاس اچھا باؤلنگ اٹیک ہے کوشش ہوگی میچ اپنے نام کریں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ون ڈے کے باہمی ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو قومی ٹیم کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 133 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں، گرین شرٹس نے 73 جبکہ بھارت نے 55 میچز جیتے، پانچ میچز بے نتیجہ رہے۔
پاک بھارت ٹیموں کا ایشیا کپ میں 18 ویں بار آمنا سامنا
پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا آج ایشیا کپ کے مقابلوں میں 18 ویں بار آمنا سامنا ہوگا۔
ایشیا کپ مقابلوں میں بھارتی ٹیم 7 ٹائٹلز جیت کر ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان بھی ایشیا کپ کا تاج 2 بار اپنے سر سجا چکا ہے۔
روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ ٹورنامنٹس میں 18 بار آمنے سامنے آئیں، بھارت 9 میچز میں کامیاب رہا جبکہ پاکستان نے 6 میچز میں فتح اپنے نام کی، 3 میچز بے نتیجہ رہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے گروپ مرحلے میں 2 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کینڈی میں آمنے سامنے ہوئیں جہاں بارش کے باعث میچ بغیر نتیجہ ختم ہوا۔
شائقین کرکٹ کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی اپیل
دوسری جانب چھٹی کے روز شائقین کرکٹ کا اچھا خاصہ جنون نظر آ رہا ہے، میچ دیکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، بڑی سکرین نصب کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب عوام نے اپیل کی ہے کہ میچ کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے، شہریوں نے جیت کے جشن کے بھی انتظامات کئے ہیں۔