ایشیا کپ ، پاکستان کا فاتحانہ آغاز ،نیپال کو 238 رنز سے شکست دیدی
Share your love
ملتان : ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے جارحانہ بیٹنگ اور باؤلنگ کرتے ہوئے نیپال کی کرکٹ ٹیم کو 238 رنز سے ہرا دیا ۔
15 سال بعد پاکستان میں ایشیا کپ کا میلہ سج گیا ، ملتان میں ہونیوالے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر342 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان ایک مرتبہ پھر کوئی خاطر خواہ رنز بنانے میں ناکام رہے وہ محض 14 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے ،امام الحق اور آغا سلمان5،5 ، شاداب خان 4 رنز جبکہ محمد رضوان 44 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
نیپال کی ٹیم پاکستانی کھلاڑیوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور تمام کھلاڑی 24 ویں اوور میں 104رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان بابراعظم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ افتخار احمد 109 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
قبل ازیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ کی پوری تیاری ہے ، پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، ہم اپنی کرکٹ انجوائے کریں گے، ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
اس موقع پر نیپال کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم پہلی مرتبہ ایشیا کپ کھیل رہے ہیں۔
یادرہے کہ ایشیا کرکٹ کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں شامل 6 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں میں جوڑ پڑے گا، گروپ سٹیج میں ہر ٹیم 2،2 میچ کھیلے گی۔
دونوں گروپس کی پہلے 2 نمبرز پر آنے والی ٹیمیں ٹاپ 4 کیلئے کوالیفائی کر جائیں گی، فائنل ٹاکرا سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان 17 ستمبر کو کولمبو میں ہو گا۔
گروپ سٹیج میں روایتی حریف پاک بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو کینڈی میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان 10 ستمبر کو ٹاپ فور میں بھی ٹاکرا ہونے کا قوی امکان ہے۔