ویلز میں کیمبرین پٹرول مقابلے، پاک آرمی ٹیم نے سلور میڈل جیت لیا
Share your love
لندن: پاکستان آرمی کی ٹیم نے برطانیہ میں منعقد ہونے والے کیمبرین پٹرول مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کرلیا۔
کیمبرین پٹرول مقابلے 6 سے 12 اکتوبر 2023ء تک ویلز میں منعقد ہوئے، ان مقابلوں میں 113 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں برطانیہ سمیت 38 بین الاقوامی دستے شامل تھے، پاک آرمی کی ٹیم نے 67 پنجاب رجمنٹ کے لیفٹیننٹ اویس عثمان کی قیادت میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاک آرمی کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے ان کی پیشہ وارانہ مہارت اور تربیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی نے نہ صرف پاکستان کو عزت بخشی بلکہ نئے نوجوان افسروں کے لئے تحریک کا باعث بھی بنی۔
کیمبرین پٹرول مقابلہ 48 گھنٹوں میں 60 کلومیٹر کی حکمت عملی کی مشق میں جسمانی اور ذہنی برداشت کی سختی سے جانچ کا مقابلہ ہوتا ہے جس میں جنگی تکنیکوں کے ایک وسیع صف کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ 1972ء میں قائم ہونے والی 67 پنجاب رجمنٹ اب تک بے شمار اعزازات حاصل کر چکی ہے جن میں 1 ستارہ بسالت اور 7 تمغہ بسالت ایوارڈز شامل ہیں۔